راولپنڈی (گلف آن لائن) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مریم نواز فوج کو سیاست میں مداخلت کی دعوت دے رہی ہیں۔مریم نواز کے حالیہ انٹرویو پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے،، یہ فوج کو ورغلانے اور پھوٹ ڈالنے کی کوشش ہے، یہ کس منہ سے ایسی باتیں کررہے ہیں، جب یہ نہ ملنے کا فیصلہ کر چکے تو رابطوں کی باتیں کیوں کر رہے ہیں۔ پہلے کہتے ہیں فوج سیاست میں مداخلت نہ کرے، پھر اسی فوج سے کہتے ہیں کہ حکومت کو ہٹا اور ہمیں بٹھا۔ قوم کو بتائیں قریبی ساتھی کون ہیں اور ان سے کیا رابطہ کیا گیا؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن کے بعد سیاست میں ہلچل ہوگی، 15 نومبر کے بعد اس سے بھی زیادہ غیر ذمہ دارانہ بیانات آئیں گے۔ ڈیڑھ سے دو ماہ میں (ن) لیگ سے آوازیں آئیں گی پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ پوری دنیا میں اسٹیبلشمنٹ رابطے میں ہوتی ہیں، فوج کے لوگ (ن) لیگ کی طرف دیکھنا بھی پسند نہیں کرتے، فوج نے اپنے لوگوں کو چارج شیٹ کرکے ان کی زبانیں بند کیں۔ان ہاﺅس تبدیلی یا مائنس عمران خان فارمولے سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کی ان ہاﺅس تبدیلی اپوزیشن کا حق ہے، آزما کر دیکھ لیں، شکست ان کا مقدر ہے، ان ہاوس تبدیلی میں بھی شکست ہوگی،، نوازشریف کے بیانیے کی قیمت انہیں ادا کرنی پڑے گی۔