مریم نواز

جو انسان یونین کونسل قابل نہیں تھا اسے بائیس کروڑ عوام کی ذمہ دار دے دی گئی، مریم نواز

مانسہرہ (گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نوازشریف نے ایک بار پھر عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تباہی کی ذمہ دار عمران خان کو لانے والے ہیں ، جو انسان ایک یونین کونسل بھی چلانے کے قابل نہیں تھا اسے بائیس کروڑ عوام کے ملک کی ذمہ دار دے دی گئی،جب تک جعلی حکومت ہے ملک نہیں چل سکتا اور ووٹ کی چوری ہوتی رہے گی ،گلگت بلتستان میں جوڑتوڑ اور تمام تر دھاندلی کے باوجود تم آٹھ سیٹیں جیت سکے ، کوئی تھوڑی سے شرم والا ہوتا توتین دن گھر سے باہر ہی نہ نکلتا ، آٹھ سیٹوں کی مبارکباد بھی ہم عمران کونہیں سلیکٹرز کو دیتے ہیں ،وہ وقت دور نہیں جب نوازشریف وطن واپس آئے گااور چوتھی بار وزیر اعظم بنے گا۔

بدھ کو یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہزارہ نوازشریف کا تھا نوازشریف کا ہے اور انشاءاللہ نوازشریف کا ہی رہے گا ۔انہوں نے نوجوانوں کو خصوصی طورپر شاباش دیتے ہوئے کہاکہ میں پاکستان میں جس جگہ بھی جاتی ہوں سب سے زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہوتی ہے ، بزرگوں کا جذبہ بھی دیکھنے کے قابل ہے ۔مریم نوازشریف اور نوازشریف کا ہزارہ کے ساتھ بہت پرانا رشتہ ہے ، ہزارہ نے بھی اس رشتہ کو نبھایا اور نوازشریف نے بھی اس رشتہ کو نبھایا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام سے نوازشریف نے جو وعدے اور رشتہ نبھائے آج وہ اسی کی سزا بھگت رہے ہیں ۔سزا نہ صرف پاکستان بھگت رہا ہے بلکہ نوازشریف اور مسلم لیگ (ن)بھی بھگت رہی ہے ۔ نوازشریف نے ہزارہ موٹر وے کا وعدہ کیا تھا کیا اسے پورا کیا گیا؟ ۔ اس موقع پر انہوںنے کہاکہ کیپٹن صفدر کو بھی کرونا ہوا ہے وہ صحت مند رہے ہیں دعا کریں اللہ تعالیٰ جلد صحت یابی عطا فرمائے انہوں نے علاقے میں گیس اور بجلی پہنچائی ۔

مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف کو تکلیف ہے کیونکہ اس نے ملک کی اینٹ اینٹ لگائی تھی ، محنت اور محبت سے ملک کو سنوارا تھا ، محنت سے ترقی دے رہا تھا آج ملک الٹا چل رہا ہے تو نوازشریف کو تکلیف ہوتی ہے ۔ نوازشریف کے بیانیہ کو نہ صرف نو جوانوں نے اپنالیا ہے بلکہ 22کروڑ عوام نے اپنا لیا ہے اور سمجھ بھی لیا ہے ۔ وہ وقت دور نہیں جب نوازشریف وطن واپس آئے گا بلکہ چوتھی بار وزیر اعظم بنے گا ۔ انہوںنے شرکاءسے کہاکہ مجھ وعدہ کریں 22تاریخ کو پشاور کے جلسے میں ملاقات کریں گے، آپ مجھ سے وعدہ کریں حکومت کو آخری دھکا لگانے کےلئے اسلام آباد جانا پڑا تو آپ میرے ساتھ نکلوگے ؟

اپنا تبصرہ بھیجیں