شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی کی افغانستان ہم منصب سے ملاقات ، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

نیامے (گلف آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیامے، نائجر میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے افغان ہم منصب کیساتھ کابل اور بامیان میں ہونیوالے دہشتگردانہ حملے اور اس کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ افغانستان کا حوالہ دیتے ہوئے، افغان قیادت کی جانب سے بہترین میزبانی پر افغان وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ اپنے تاریخی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم کے حالیہ دورہ افغانستان کے دوران مختلف معاملات پر دونوں ممالک کی قیادت کے مابین طے پانے والے امور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ خطے میں امن و امان کا انحصار افغانستان میں مستقل قیام امن کے ساتھ منسلک ہے.پاکستان،ہمیشہ افغان قیادت میں، افغانوں کو قابلِ قبول مذاکرات کا حامی رہا ہے ،آج افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے ۔وزیر خارجہ نے اقتصادی تعاون کے فروغ اور میسر مواقعوں کے ثمرات سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس، قیام امن کا ایک نادر موقع موجود ہے.

افغان قیادت کو ان عناصر سے بھی باخبر رہنا ہو گا جو افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاڑ کرنے کے درپے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں مستقل قیام امن کے ساتھ، افغان مہاجرین کی بروقت اور باوقار وطن واپسی کا خواہشمند ہے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے نبھاتا رہے گا ،۔افغان وزیر خارجہ نے جنیوا کانفرنس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے خطاب اور “افغان امن عمل” میں پاکستان کی جانب سے معاونت جاری رکھنے کے اعادے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں