لاہور (گلف آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پی ڈی ایم عقل کے اندھوں پر مشتمل مسترد شدہ لوگوں کا ٹولہ ہے-ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ جلسے کی ناکامی کے خوف سے اپوزیشن نے ابھی سے واویلا شروع کردیا ہے اور پی ڈی ایم کے کرپٹ عناصر خوفزدہ ہیں-اپوزیشن نے اپنے ادوار میں پہلے کرپشن کا وائرس پھیلایا اور اب یہ عناصر کورونا وائرس پھیلا کر معصوم زندگیوں کو داﺅ پر لگا رہے ہیں-
انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کا ٹولہ عوام کو اپنی منفی سیاست کی بھٹی میں جھونکنے کے درپے ہے-لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 61155تک پہنچ چکی ہے -گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا کے446کنفرم کیسز سامنے آئے اور 23مریض جاں بحق ہوئے- پنجاب میں کورونا سے3,265 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں -اپوزیشن عناصرملک دشمن ایجنڈے پر چل رہے ہیں اور ان کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے ۔