کیپ ٹاﺅن(گلف آن لائن)جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ باولر مورنے مورکل نے سرے کاونٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیاہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور اس کے بعد قرنطینہ کی ضروریات نے طویل سفر کو ایک چیلنج بنا دیا ہے اور اب گھر اور اپنے خاندان سے دور بہت زیادہ وقت گزارنا ممکن نہیں جبکہ سرے کاونٹی کے چیف رچرڈ گولڈ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ فاسٹ باﺅلر 2021کے سیزن میں واپسی کریں گے۔
کلب کے مداحوں کے نام پیغام میں مورنے مورکل نے کہا کہ اب زیادہ وقت اپنے گھر والوں سے دور گزارنا ممکن نہیں ہے۔ مورکل نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد 2018میں سرے کاونٹی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے کلب کی طرف سے اپنے پہلے ہی سیزن میں 59 وکٹیں حاصل کرکے سرے کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سرے کلب کے ڈائریکٹر ایلک سٹیورٹ نے کہا کہ کلب مورکل کا متبادل ایسا کھلاڑی تلاش کرے جو ٹیم کو بہتر مقام دلا سکے۔