خواجہ آصف

میری گرفتاری کے پیچھے 100فیصد عمران خان کے مقاصد ہیں،خواجہ آصف

اسلام آباد(گلف آن لائن) مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ان کی گرفتاری کے پیچھے 100 فیصد عمران خان کے مقاصد ہیں، دو ڈھائی سال سے پارٹی توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے ،کہا جارہا ہے نوازشریف کو چھوڑدیں کیس ختم کردئیے جائیں گے،اب بہت کیس چلیں گے ، نیب کا قانون اب ایسا ہی رہے گا۔بدھ کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے چارج شیٹ دی گئی کہ میرے اثاثے بڑھ گئے تاہم ابھی تک نیب نے کوئی تفتیش نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ دو ڈھائی سال سے پارٹی توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے اور نوازشریف کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جب سے نواز شریف نااہل ہوئے ہم سب کویہی کہاجارہاہے کہ نوازشریف کو چھوڑدیں تو کیس ختم کردیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میری گرفتاری کے پیچھے 100 فیصد عمران خان کے مقاصد ہیں لیکن کوئی بات نہیں اوپر والا دیکھ رہا ہے، اب بہت کیس چلیں گے ، نیب کا قانون اب ایسا ہی رہے گا.

میری گرفتاری کے پیچھے جس کا ہاتھ ہے بتا دیا ہے۔استعفیوں سے متعلق رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے استعفوں اور سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔لیگی رہنماوں نے کہا کہ خواجہ آصف پارٹی اورقیادت کیساتھ مخلص ہیں،گرفتاری سے جبر اورظلم کا پیغام دیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے (آج)جمعرات تک لاہور میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں