شاہ محمود قریشی

پیپلز پارٹی کے فیصلے سے پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر گیا،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (گلف آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا بیانیہ تضادات کا مجموعہ ہے، پیپلز پارٹی نے جو فیصلہ کیا ہے اس سے پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر گیا ہے، خواجہ آصف کی گرفتاری حکومت کی ایما پر نہیں ہوئی ہے، یہ گرفتاری نیب نے کی ہے جو ایک خود مختار ادارہ ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی میں فیصلے کا اختیار آصف علی زرداری کے پاس ہے اور انہوں نے فیصلہ سنا دیا ہے، بلاول صرف دکھاوے کےلئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس نے واضح کر دیا کہ ان کی اور پی ڈی ایم کی راہیں جدا جدا ہیں، پی ایم ایل این اور جمعیت علمائے اسلام میں واضح اختلاف جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا انکار سامنے آگیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے بیانیے کے بخیے ادھیڑ دئیے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پی پی پی نے فیصلہ کیا کہ وہ سینٹ کا الیکشن لڑیں گے اور ضمنی انتخابات میں بھی حصہ لیں گے اور انہیں حق ہے کہ وہ ضرور لیں تاہم یہ استعفوں کی رٹ چھوڑ دیں۔

قوم کے ساتھ مذاق نہ کریں ، اب ان کا بیانیہ بدل چکا ہے یہ پہلے استعفے دے رہے تھے اب لینے کی بات کر رہے ہیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ان کے کہنے پر کبھی استعفیٰ نہیں دیں گے ، اصل حقیقت یہ ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ حکومت کی قربانی دینے کے لئے تیار نہیں ہے، اگر یہ استعفے دینے کے حوالے سے سنجیدہ ہیں تو پھر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کبھی نہ کرتے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں