پی ڈی ایم

پی ڈی ایم نے ملک بھر میں مظاہروں کیلئے تاریخوں کی منظوری دےدی.

اسلام آباد(گلف آن لا ئن) حکومت مخالف اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے دوسرے مرحلہ کے تحت ملک بھر میں مظاہروں کیلئے تاریخوں کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے زیراہتمام 3 جنوری کو بہاولپور میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ بہاولپور مظاہرے کی قیادت مولانا فضل الرحمان، مریم نواز اور یوسف رضا گیلانی کریں گے۔اطلاعات ہیں کہ 6 جنوری کو بنوں میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام مظاہرہ ہوگا۔

بنوں مظاہرہ کی قیادت پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے۔پی ڈی ایم 11 جنوری کو مالاکنڈ، 13 لورالائی اور 16 جنوری کو تھرپارکر میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ذرائع کے مطابق 23 سرگودھا، 30 سیالکوٹ اور 31 جنوری کو فیصل آباد میں مظاہرہ ہوگا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مظاہروں کی نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان یکم جنوری کو ہونے والے اجلاس کے بعد متوقع ہے۔یکم جنوری کو لانگ مارچ اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔ سینیٹ اور ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ استعفوں کیلئے مناسب وقت کی طے کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں