سانحہ مچھ، بلاول اور مریم کوئٹہ پہنچ گئے،لواحقین سے بھرپور اظہار یکجہتی

کوئٹہ(گلف آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سانحہ مچھ کےخلاف کوئٹہ میں جاری دھرنے میں پہنچ گئے۔دھرنے کے شرکا سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ریاست نے دہشتگردی کی کمر توڑنے اور نیشنل ایکشن پلان پر علمدرآمد کا کہا تھا، ریاست سے اپیل ہے کہ وطن سے محبت کرنےوالوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔دھرنے کے شرکا سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وزیراعلی سندھ، مولانا عبدالغفور حیدری، احسن اقبال نے بھی خطاب کیا اور اظہار یکجہتی کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے دھرنے سے خطاب میں کہا کہ میں اس سانحہ پر ہزارہ بہن بھائیوں کو کیا کہہ سکتاہوں، پاکستان ایسی دھرتی ہے جہاں ہمارے شہیدوں کو بھی احتجاج کرناپڑتاہے، پاکستان میں سب کچھ مہنگا ہوچکا، مزدور،سیاسی کارکن ،وکلا کا خون سستاہوچکا ، 1999سے اب تک ہمارے 2 ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں،کسی کو انصاف نہیں ملا۔بلاول نے کہا کہ آپ لوگ اپنے شہیدوں کےساتھ احتجاج کررہے ہیں، میں بھی ایک شہیدوں کے خاندان سے ہوں.

ہم بھی آج تک اپنے شہیدوں کو انصاف نہیں دلاسکے، جب تک زندہ رہوں گا،یہی کوشش ہوگی ہمارے غریب عوام کو جینے دیاجائے، جو ملک میں سب سے زیادہ محب وطن ہیں وہ سامنے بیٹھے ہیں، ان لوگوں کو انصاف نہیں دلواسکے تو باقی کسی کو کیا انصاف دلوائیں گے۔نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ آپ کے پیارے آپ سے چھینے گئے، آپ پر جو قیامت ٹوٹی اس پر دلی تعزیت کرتی ہوں.

پانچ دن سے دیکھ رہے ہیں،آپ کی تکلیف کااحساس ہے، جس پر گزرتی ہے وہی جانتا ہے.پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے۔مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہا کہ بے حسی، ناکامی کوآپ سیاست کہہ کر ٹال دیں یہ ہونے نہیں دیں گے، آپ کو یہاں آنا پڑے گا، یہ آپ سے کوئی بڑی چیز نہیں مانگ رہے، آپ تنقید کے ڈر سے نہیں آرہے،کوئی بات نہیں تھوڑی تنقید سن لیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ آپ کا فرض ہے ان کے غم میں شریک ہوں، ان کا دکھ بانٹیں، اقتدارکی کرسی پربیٹھے شخص کی بے حسی پربےحدافسوس ہے، میں حکومت میں نہیں آپ کیلئے سوائے آواز اٹھانے کے کچھ نہیں کرسکتی، میں ایک ماں ہوں، بیٹی ہوں مجھے آپ کی تکلیف کا احساس ہے۔مریم نے کہا کہ میں عمران خان سے کہتی ہوں آپ باپ ہیں، بہنوں کے بھائی ہیں، حکمران یہاں نہیں آتاتوقوم اسےکرسی پربیٹھنےکی اجازت نہیں دےگی، ہم سے جو ہوسکے گا، ضرور کریں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں