اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں رضا ربانی نے بینظیر کے میثاق جمہوریت کے مخالف موقف اپنایا،دو پارٹیوں کی کرپشن سیاست میں خریدو فروخت کیلئے استعمال ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی نے خزانے کے منہ کھول دیے، پیسے کے زور پرآنے والا عوام کا حقیقی نمائندہ نہیں ہو سکتا، بولیاں لگ رہی ہیں،عوام کو ملک اور جمہوریت کیلئے بہتری کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے،ہم ایک ہی دن میں جادو کی چھڑی سے نظام ٹھیک نہیں کرسکتے، عوامی نمائندوں پر بکنے کے سوالات اٹھیں تو یہ آنے والی نسلوں سے زیادتی ہوگی.
سندھ حکومت قانون کا احترام کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کو رہا کرے، الیکشن کمیشن ڈسکہ الیکشن کے بارے فریقین کو سن کر جو بھی فیصلہ کرے گا ہمارے لیے قابل قبول ہوگا ۔ پیر کوشبلی فراز نے سینیٹ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی کے پاس اپنے امیدوار کو جتوانے کےلئے نمبرز نہیں ، آئین کے خالق ذوالفقار بھٹو کو غلط طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے، پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو کے کیے گئے معاہدے سے لا تعلقی کر دی ہے.
رضا ربانی نے شہید بینظیر کے میثاق جمہوریت کا معاہدہ کچرے کی ٹوکری میں پھینک دیا۔شبلی فراز نے کہا کہ ڈیپ اسٹیٹ کا سوال رضا ربانی سے پوچھیں، رضا ربانی نے عدالت میں کہہ دیا کہ ووٹ کو سینیٹ الیکشن میں خفیہ ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی کو مبارکباد دیتا ہوں، رضا ربانی نے کہہ دیا کہ ووٹ کو سیکریٹ ہونا چاہیے، بھٹو کے بعد کی پیپلزپارٹی نے کہا یوسف رضا گیلانی الیکشن جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ نظام کو آئین کے لبادے میں غلط طور پر استعمال کیا جاتا ہے، پیپلزپارٹی کی جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں ہیں، آئین کے خالق ذوالفقارعلی بھٹو کو غلط طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے۔