گورنر پنجاب محمد سرور

کشمیر ی نوجوانوں کا قتل عام بدتر ین دہشت گردی ہے، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

لاہور(گلف آن لائن)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بھارتی افواج کو دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد فورس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مزید 6کشمیر ی نوجوانوں کا قتل عام بدتر ین دہشت گردی ہے ۔بھارتی وزیر اعظم نر یندر مودی اور بھارتی افواج دونوں دہشت گر د ہیں ۔اقوام متحدہ اور امت مسلمہ بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ان کو قیامت کے روز اس خاموشی کا حساب دینا پڑ ے گا۔ وہ تحر یک انصاف آزاد کشمیر سے مر زا صغیر احمد جرال ،مرزا عبد الشکور اور سید توفیق شاہ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے کشمیری وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بھارتی افواج کے ہاتھوں اب تک 95ہزار سے زائید کشمیری شہید ہوچکے ہیں جبکہ 1لاکھ61ہزار سے کشمیری آج بھی بھارتی سکیورٹی فورسز کی قید میں ہیں اس سے بڑا دنیا میں کوئی اور ظلم نہیں ہوسکتا۔اُنہوں نے کہا کہ آئے روز بھارتی افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیر یوں کا قتل عام ہو رہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ چوہدری محمد سرورنے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ بے گناہ کشمیر یوں کے قتل عام اور وہاں اپنی آزادی کی جنگ لڑ نے والے کشمیر یوں پر مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے کیونکہ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا اس وقت تک پاک بھارت تعلقات میں بہتری اور خطے میں مکمل امن قائم نہیں ہوسکتا۔

گورنر نے مزید کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی وجہ سے ابتک 1لاکھ 7ہزار 813بچے بھی یتیم ہوچکے ہیں مگر بھارتی افواج کے بے گناہ معصوم کشمیریوں پر مظالم ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ اور امت مسلمہ ان مظالم کا سخت نوٹس لے اور کشمیر یوں کو بھارتی افواج اورآر ایس ایس کے غنڈوں کے مظالم سے نجات دلائے ورنہ تاریخ ان کو کبھی معاف نہیں کر یگی۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر یوں کے سفیر بن کر دنیابھر میں کشمیر یوں کا مقدمہ لڑرہے ہیں اور مسئلہ کشمیرکے معاملے پر پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت پوری قوم متحد ہیں اوراس بات میں کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیرپاکستان اور پاکستان کشمیر ہے اور 22کروڑ پاکستانی کشمیر کی آزادی کیلئے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کر یں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں