وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں پہلی سے پانچویں تک یکساں تعلیمی نظام کا اعلان کردیا.

اسلام آباد (گلف آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے پوری پاکستانی قوم کو متحد کرنے کی غرض سے ملک بھر میں پہلی سے پانچویں تک کی جماعتوں کیلئے یکساں تعلیمی نصاف (سنگل نیشنل کریکولم) کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یکساں نصاب لانا ان کا ویژن تھا جس کو نافذ کرنا ایک مشکل کام ہے کیونکہ اشرافیہ اس کی تبدیلی کی اجازت نہیں دے گی اور اس کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرے گی۔ مگر آج سے ہم نے ایک ناقابل واپسی سفر کا آغاز کر دیا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اس عمل سے ہماری آنے والی نسل غیر ملکی ثقافتوں کے اثر ورسوخ سے نکلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کے طلبا کو سیرت النبیﷺ پڑھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی کامیابی اسی حقیقت میں مضمر ہے کہ وہ نبی اکرم ﷺ کی زندگی اور اسوہ حسنہ کے طور پر دیکھیں اور اپنائیں۔ کیونکہ ایسا کرنے سے نوجوان دین کو سمجھ سکیں گے اور اپنے مفادات کی خاطر دین کی غلط تشریح کرنے والوں کو شکست دینے میں بھی مدد ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اقلیتوں کو ان کے متعلقہ مذاہب کے بارے میں جاننے اور پڑھنے کی بھی آزادی ہو گی کیونکہ تمام پیغمبروں کی تعلیمات کی بنیاد انسانیت کا احترام ہے۔ دریں اثنا، وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسے معاشرے میں ناانصافی کے خاتمے کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں