کنگسٹن(گلف آن لائن) پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز : پاکستان نے پہلی اننگز 9 وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بناکر ڈیکلیئر کردی۔ کنگسٹن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کا دوسرا روز مکمل طور پر بارش کی نذر ہونے کے بعد تیسرے دن چمکیلی دھوپ یں محسوس ہورہا تھا کہ 98 اوورز کا کھیل ہوگا مگر گیلی آئوٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار ہوگیا، صرف 8 بالز ہی ہوئی تھیں کہ کھیل روک کر لنچ بریک کردیا گیا۔ جیسن ہولڈر نے مائیکل ہولڈنگ اینڈ کی جانب سے صرف 2 بالز کیں اور پھر امپائر سے شکایت کی کہ فیلڈ میں گیلی جگہوں کے باعث انھیں رن اپ میں پریشانی کا سامنا ہے، اس پر دوسرے کھلاڑی بھی وہاں جمع ہوگئے اور باہمی مشاورت سے کھیل کو روک کر لنچ بریک کردیا گیا۔
فواد عالم نے واپس میدان میں لوٹنے کے بعد اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا اور 124 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی جب کہ کپتان بابر اعظم نے 75 رنز بنائے، فہیم اشرف 26، شاہین شاہ آفریدی 19، حسن علی 9 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تاہم عابد علی، عمران بٹ ایک ایک، اظہر علی اور نعمان علی کوئی رن نہ بنا سکے یوں پاکستان نے پہلی اننگز 9 وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بناکر ڈیکلیئر کردی۔