ممبئی (گلف آن لائن) بالی وڈ کی معروف اداکارہ شردھا کپور سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ وہ جلد اپنے دوست اور فوٹوگرافر روہن شریستھا سے شادی کرنے والی ہیں۔اداکارہ شردھا کپور کے والد اور سینئر اداکار شکتی کپور پہلے بھی اپنی بیٹی کی شادی کے حوالے سے خبروں کی تردید کرچکے ہیں اور اب ایک بار پھر انہوں نے بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں شردھار کی شادی سے متعلق خبروں کو محض افواہ قرار دیا ہے۔
شکتی کپور کا کہنا تھا کہ ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، روہن یا اس کے اہلخانہ نے ہم سے تاحال شردھا کا ہاتھ نہیں مانگا لیکن اگر مستقبل میں ایسا ہوتا ہے تو مجھے اس رشتے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا، روہن ہمارے گھر کا بچہ ہے، میں اس کے والد کو سالوں سے جانتا ہوں۔دوسری جانب انہوں نے شادی کے حوالے سے موجودہ حالات پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔اداکار شکتی کپور کا کہنا تھا کہ آج کل کے بچے سب کچھ خود ہی طے کر لیتے ہیں لیکن مجھے اس بات کی فکر ہے کہ آج کل کس طرح لوگوں کی طلاقیں ہو رہی ہیں۔
خیال رہے کہ بالی وڈ اداکار ورون دھون کی جانب سے سلیبرٹی فوٹوگرافر روہن شریستھا کو مبارکباد کے پیغام کو انسٹا اسٹوری پر شیئر کیے جانے کے بعد بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور اور روہن شریستھا کی شادی سے متعلق خبریں زیرِ گردش ہیں۔