لاہور(گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر مزاحمت کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف کی زیر صدارت پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا ۔فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ قانون کوروکنے کے لیے اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی بنائی جائے گی ،اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں پر مشتمل کمیٹی بل کے قانونی اور دیگر پہلوئوں کا جائزہ لے گی اور حکمت عملی تجویز کرے گی ۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا راستہ روکنے کے لئے پارلیمنٹ سمیت تمام قانونی آپشنز بروئے کار لائیں گے ۔شہبازشریف نے پارٹی رہنمائوں کو صحافتی تنظیموں سے ہونے والی ملاقات سے بھی آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میڈیا کی تمام نمائندہ تنظیموں نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کیا ہے ،پی ایم ڈی اے ایک کالا قانون ہے اسے ہر فورم پر روکیں گے۔
انہوںنے کہا کہ نام نہاد قانون کی تیاری میں متعلقہ فریقین سے مشاورت نہیں ہوئی نہ ہی تجاویز اور آرا ء لی گئیں ،حکومت کا مقصد قانون سازی یا امور کو بہتر بنانا نہیں بلکہ میڈیا کو اپنا تابع فرمان بنانا ہے،صحافتی تنظیموں کو اعتماد میں لیاگیا نہ ہی ان کی رائے اس کالے قانون کی تیاری میں شامل ہے۔ا نہوںنے کہا کہ یہ کالا قانون منظور ہوا تو ملک سے اظہاررائے کی آزادی کا وجود مٹ جائے گا،آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے کا راستہ ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔