اسلام آباد (گلف آن لائن)صدر آزاد کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کے عظیم راہنما اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائد سید علی گیلانی کے انتقال پر آزاد جموں و کشمیر میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ آزاد ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق آزاد کشمیر بھر میں تین روزہ سوگ 2 تا 4 ستمبر منایا جائے گا۔
سید علی گیلانی کے انتقال اور تحریک آزادی میں ان کی لازوال قربانیوں اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج جمعرات کو آزاد کشمیر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ قائد حریت سید علی گیلانی بدھ کی شب سرینگر میں اپنیگھر میں انتقال کر گئے تھے جہاں وہ گزشتہ 12 سال سے غیرقانونی طور پر نظربند تھے۔