کابل(گلف آن لائن)طالبان کی سپریم کونسل کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں حکومت سازی سے متعلق اہم فیصلے کرلیے گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سپریم کونسل کا 3 روزہ اجلاس طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کی زیر صدارت قندھار میں ہوا جبکہ یہ اجلاس ہفتے کے روز سے پیر تک جاری رہا۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھاکہ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی حفاظت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان سے اچھے برتا ئوکا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں نئی اسلامی حکومت اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔
ترجمان طالبان نے بتایا کہ سپریم لیڈر نے سب کو مکمل ہدایات دے دی ہیں اور ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کردیا ہے۔طالبان کی جانب سے تاحال حکومت سازی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا لیکن رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ ملابرادر سپریم کونسل کے اجلاس کے بعد قندھار سے کابل روانہ ہوگئے ہیں اور جلد ہی کابینہ کا اعلان متوقع ہے۔