اسلام آ باد (گلف آن لائن) وفاقی و سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے لیے ڈریس کوڈ لاگو کردئیے گئے، خواتین اساتذہ کے جینزاور ٹائٹس اور مرد اساتذہ کے جینز اور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی ہوگی۔ وفاقی نظامت تعلیمات نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ خواتین اساتذہ کے جینزاور ٹائٹس پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ مرد اساتذہ کے جینز اور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی ہوگی۔
نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پردہ کرنے والی خواتین اساتذہ کو صاف ستھرا اسکارف اور حجاب پہننے کی اجازت ہوگی۔ خواتین اساتذہ کو سینڈل اور اسنیکرز پہننے کی اجازت ہوگی تاہم سلیپر پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ مرد اساتذہ کو سردیوں میں گرم چادر پہنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ اساتذہ کو سردیوں میں خوبصورت رنگ اور ڈیزائن کے سویٹر، کوٹ اور جرسی پہننے کی اجازت ہوگی۔ مرد اساتذہ شلوار قمیض کے ساتھ ویسکوٹ پہنیں۔ اساتذہ پر واضح کیا گیا ہے کہ کلاس میں ٹیچنگ گان اور لیبارٹری میں لیب کوٹ پہنیں۔ وفاقی نظامت تعلیمات نے ایریا ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی ہے کہ ڈریس کوڈ پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔