اشرف بھٹی

حکومت غریب ، تاجر طبقے کو کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ،حزب اختلاف عوام کی آواز بنے’ مرکزی صدراشرف بھٹی

لاہور( گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران نے پیٹرولیم اور ایل پی جی کی کی قیمتوںمیں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت غریب اور تاجر طبقے کو کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ،مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے عوام کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے جبکہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے کر آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ،اطلاعات کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہے جوعوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہوگا۔مرکزی صدر اشرف بھٹی اور سیکرٹری جنرل محبوب سرکی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ کیسا فارمولہ ہے جس میں ہر پندرہ روز بعدقیمتوں نے بڑھنا ہی ہوتا ہے اور غریب عوام کو ریلیف نہیں ملنا ۔ در حقیقت پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوںمیں اضافے کا فارمولہ حکومت کا اپنا نہیں بلکہ آئی ایم ایف آئی کامسلط کردہ فارمولہ ہے جس پر آنکھیں بند کرکے عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔

حکومت کی جانب سے پیشگی منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے ایل پی جی کی قیمتیں بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ پسے ہوئے طبقات پر آئے روز بوجھ ڈال کر ا ن کا سانس نہ بند کیا جائے ، اگر قیمتوںمیں کمی نہیں ہو سکتی تو کم از کم انہیں ایک سطح پر ہی منجمد کر دیا جائے تاکہ عوام روزی روٹی کے حصول کی تدبیر کر سکیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے مہنگائی کو جس نہج پر پہنچا دیا ہے اب کسی وقت بھی عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے ۔ حزب اختلاف کی جماعتوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ اپنا کردار اداکریںاور مہنگائی کے آگے بندھ باندھنے کیلئے عوام کی آوازمیں اپنی آواز شامل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں