رانا ثنااللہ

وزیراعظم اپوزیشن سے بات کرنا توہین ، طالبان کے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں’ رانا ثنا اللہ

لاہور( گلف آن لائن)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کو این آر او دے رہی ہے، وزیراعظم اپوزیشن پر جھوٹے مقدمات اور طالبان کے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں، یہ شہدا ء کے ورثا کا حوصلہ بھی چھین رہے ہیں،افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان پربھی پابندیاں لگانے کاسوچاجارہاہے اور وزیراعظم عمران خان کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی بات کررہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ معیشت کا حال یہ ہے کہ ڈالر 172 روپے پر بھی نہیں رک رہا، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے ، ان کے ماضی کے دعوے کہاں گئے ،گندم اپنے ملک سے زیادہ قیمت پر درآمد کی جارہی ہے،چینی 115 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر کے ساتھ بات چیت کرنے کو تیار نہیں، اپوزیشن سے بات کرنا توہین سمجھا جاتا ہے، وزیراعظم اپوزیشن پر جھوٹے مقدمات اور طالبان کے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں، عمران خان اے پی ایس کے ذمہ داروں کو این آر او دے رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان پربھی پابندیاں لگانے کاسوچاجارہاہے ۔انہوںنے کہا کہ عوام ہمارا ساتھ دے کر کٹھ پتلی کا خاتمہ کریں،سلیکٹڈ ٹولے نے سیاسی رواداری ختم کر دی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں