ہمایوں اختر خان

وزیر اعظم عمران خان کڑے معاشی چیلنجز کو حل کرکے سر خرو ہوں گے’ ہمایوں اختر خان

اسلام آباد( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان دوراندیش لیڈر ہیں اور ان کے درست اوربروقت فیصلے اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں ، حزب اختلاف کرپشن کیسز میں صرف ذاتی ریلیف کیلئے کوشاں ہے اس لئے اسے قومی یا عالمی حالات اورمعاملات سے قطعاًکوئی سروکار نہیں،ماضی کے بیگاڑ کی وجہ سے کڑے معاشی چیلنجز درپیش ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان انہیں حل کرکے سر خرو ہوں گے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوںاختر خان نے کہا کہ حزب اختلاف نے تین سالوں میں صرف ” میں نہ مانوں ” کی سیاست کی ہے جس کا انہیں ضرور خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی نام نہاد قیادت نے ملک کے اہم معاملات میں کبھی دلچسپی نہیں دکھائی اور ان کی گفتگوکا آغاز اپنے لئے کرپشن کے کیسز میںریلیف سے شروع اور اسی پر ختم ہوتا تھا ۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں پہلی حکومت ہے جس نے پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات کا آغازکیا ہے اوردنیا پاکستان کے اقدامات کی تعریف کر رہی ہے ۔

تحریک انصاف کی حکومت آج جو اقدامات اٹھا رہی ہے اس کے نتائج اورپھل آنے والے سالوںمیں ملیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ کورونا وباء کے باوجود پاکستان کی ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوا ہے ، لارج اسکیل مینو فیکچرننگ کی گروتھ بڑھی ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں لیکن حکومت کی یہ کامیابیاںماضی کے نام نہاد تجربہ کارحکمرانوںکوہضم نہیں ہو رہیں ۔ وقت ثابت کرے گاکہ وزیر اعظم عمران خان کے فیصلے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں تھے اور حزب اختلاف کے حصے میں سوائے مایوسی اور ناکامی کے کچھ نہیں آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں