لاہور چیمبر

حکومت ہاسپٹلٹی انڈسٹری کو تحفظ دے’ لاہور چیمبر

لاہور(گلف آن لائن) لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ہاسپٹلٹی انڈسٹری کو تحفظ دیا اور اس کے مسائل حل کیے جائیں تاکہ یہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی سربراہی ایسوسی ایشن کے چیئرمین آصف خان کررہے تھے ، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران چودھری واجد علی، علی افضل، ملک ریاض اقبال، عمران بشیر، ودود علوی، میاں عتیق اور سابق نائب صدر شفقت سعید پراچہ بھی اس موقع موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل جلد حل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا نے پاکستان ہوٹل و سیاحت کی صنعتوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ہوٹل مالکان کو ہراساں کرنے سے گریز کریں جو تمام قواعد و ضوابط پر عمل پیرا ہیں اور ضروری معلومات انہیں مہیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہوٹل ان تمام قواعد و ضوابط پر عمل کررہے ہیں جو ان کے لیے وضع کیے گئے ہیں تو ہوٹلوں پر چھاپے مارنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ وفد کے سربراہ آصف خان نے کہا کہ لاہور کی ہوٹل اینڈ ٹورازم انڈسٹری نے لاہور چیمبر سے مدد کے لیے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام بالا کو اس حقیقت کا علم ہونا چاہیے کہ کسی کاروبار کی ساکھ بنانے میں برسوں لگتے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چھاپے تھوڑی ہی دیر میں اسے خاک میں ملا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے صرف کاروبار ہی بند نہیں ہونگے بلکہ حکومت کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں