میاں اسلم اقبال

ٹیکنیکل ایجوکیشن کو سٹریم لائن کرنے کے لئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے’میاں اسلم اقبال

لاہور(گلف آن لائن)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کو سٹریم لائن کرنے کے لئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے۔اس جدید نظام کے تحت نجی اور سرکاری تکنیکی اداروں کی پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ اب تک 13سو سے زائد تکنیکی اداروں نے پی ایس ڈی اے میں رجسٹریشن کے لئے آن لائن اپلائی کیا ہے۔ درخواست جمع کرانے سے لیکر رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے اجرا تک یہ ایک مکمل خودکار نظام ہے۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اپنے کیمپ آفس میں ٹیکنیکل اداروں کے سربراہان کے وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم کے کورسسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے۔

اسی طرح ہنر مند نوجوانوں کی ملک اور بیرون کھپت کا موثر نظام بنایا گیا ہے۔اس حوالے سے یہ بات اہم ہے کہ ملک سے غربت اور بے روزگاری کے مسائل کے خاتمے کے لئے معیاری فنی تعلیم کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے لئے بے مثال اقدامات کیے ہیں۔ صوبے میں 4 نئی ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سرکاری اور نجی تکنیکی اداروں کو پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی چھتری تلے لایا جارہا ہے تاکہ ٹیکنیکل و ووکیشنل تعلیم کے معیار کو مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے طالب علموں کو اعلی معیار کی تعلیم دی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں