میرا پاکستان میرا گھر''

گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے ”میرا پاکستان میرا گھر” ہیلپ لائن کال سینٹر کا افتتاح کردیا

اسلام آباد(گلف آن لائن)پاکستان بینک ایسوسی ایشن نے اپنے تمام ممبر بینکوں کی جانب سے اور یوفون کے تعاون سے پاکستان بھر میں کم لاگت کے گھر قرض پر لینے کے خواہشمند افراد کی سہولت کے لیے ”میرا پاکستان میرا گھر ہیلپ لائن” کے نام سے بینکوں کے مشترکہ کال سینٹر کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب یوفون کال سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر، پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور صدراور حبیب بینک لمیٹڈ محمد اورنگزیب ، پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر توفیق حسین اور دیگر بینکوں کے صدور اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اور شریک ہوئے۔

اس ہیلپ لائن کا بنیادی مقصد بینکوں کے ذریعے کم لاگت والے گھر کے قرض کی سہولت کے بارے میں پراڈکٹ کی معلومات کیلئے ون سٹاپ سلوشن فراہم کرنا، کم لاگت والے گھر کے لیے قرض کی پالیسی، طریقہ کار اور دستاویزات کی ضروریات کے بارے میں قرض دہندہ کو وضاحت اور رہنمائی کرنا ہے۔ممکنہ قرض لینے والے فرد کے مقام اور ترجیح کی بنیاد پر کال سینٹر کے ایجنٹ ان کالوں کو انفرادی بینک کے کال سینٹرز کو بطور لیڈر بھیجیں گے اور یہ پورٹل قرض لینے والے کی شکایات کو ریکارڈ اور انہیں حل کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے ‘میرا پاکستان میرا گھر’ ہیلپ لائن کال سینٹرکاافتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ” عوام کو سستی رہائش فراہم کرنے کے وزیراعظم کے وژن کے مطابق اسٹیٹ بینک نے حال ہی میں حکومت کی شرح سود میں سبسڈی اسکیم کے تحت شرائط میں نرمی کی ہے اور پورے پاکستان میں سستے مکانات کی حوصلہ افزائی کے لیے قرض کی رقم کی مقدار میں اضافہ کیا ہے۔

ہیلپ لائن ایک عظیم اقدام ہے جو ملک بھر میں قرض لینے والوں کو اس سکیم سے متعلق ان کے تمام متعلقہ سوالات کے جوابات دینے اور من پسند بینک میں بھیجنے کے حوالے سے سہولت فراہم کرے گا تاکہ وہ اس سہولت کو جلد اور باآسانی حاصل کرسکیں۔”پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اورنگزیب نے کہا کہ” میرا پاکستان میرا گھر ہیلپ لائن کا اقدام پاکستان بینک ایسوسی ایشن نے اٹھایا ہے جو ان کے تمام رکن بینکوں اور یوفون کے اشتراک سے ممکن ہو سکا ہے۔ یہ ہیلپ لائن اسٹیٹ بینک کی جانب سے متعارف کرائی گئی انتہائی پرکشش اور آرام دہ شرائط میں دلچسپی رکھنے والے قرض دہندگان کی کالز کی متوقع آمد کو سنبھالنے میں مؤثر طریقے سے معاون ثابت ہوگی۔”پاکستان بینک ایسوسی ایشن کی مدد سے فیصل بینک، حبیب بینک لمیٹڈ اور میزان بینک اس عمل کو آسان بنانے میں سب سے آگے رہے ہیں اور اس اقدام کو کامیاب بنانے کے لیے تکنیکی، آپریشنل اور تجارتی پہلوؤں پر پاکستان بینک ایسوسی ایشن کی بھرپور معاونت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں