میاں نعمان کبیر

حکومت و کاروباری برادری ایک دوسرے کے لیے یکساں اہم ہیں’میاں نعمان کبیر

لاہور(گلف آن لائن)حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان شراکت داری بہترین معاشی نتائج کی حامل ہوگی، حکومت کاروباری برادری کی اہمیت تسلیم کرے ، معاشی سرگرمیوں میں اس کی شمولیت یقینی بنائے اور اس کی تجاویز کو اپنی تجارتی ومعاشی پالیسیوں کا حصہ بنانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر حارث عتیق نے خامس سعید بٹ کی سربراہی میں آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن اونعیم خان کی سربراہی میں انارکلی ٹریڈرز کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں شفقت علی، ایگزیکٹو کمیٹی رکن علی افضل، آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین احد امین ملک، صدر حسن رضا شیخ، خالد پرویز، بائو بشیراور خواجہ ندیم سعید وائیں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ ایک دوسرے کے لیے بہت اہم اور لازم و ملزوم ہیں، حکومت کو چاہیے کہ وہ کاروباروں کے لیے سازگارماحول یقینی بنائے، موافق پالیسیاں تیار کرے اور کاروباری برادری کے حقیقی مسائل حل کرے کیونکہ مسائل کا بوجھ اٹھاکر تاجر معاشی ترقی میں کردار ادا نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ٹیکس سسٹم کو آسان اور عام فہم بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر پیپر اور پیپر بورڈ سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے انتھک کوششیں جاری رکھے گا ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ میں آپما کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل جلد حل ہونے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لاہور کی مارکیٹوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ترقیاتی فنڈز کا خاطر خواہ حصہ مختص کرے۔ اس موقع پر پراپرٹی ٹیکس سمیت دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں