ایون فیلڈ ریفرنس

نیب نے مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے عدالت میں درخواست دائر کردی

اسلام آباد (گلف آن لائن)قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ مریم نواز اور محمد صفدر نے ضمانت کا غلط استعمال کیا ،مریم نواز نیب کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی مرتکب ہوئیں،19 ستمبر 2018 کو مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرکے ضمانت دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیاجائے۔

نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں (ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔نیب نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ مریم نواز اور محمد صفدر نے ضمانت کا غلط استعمال کیا اور مریم نواز نیب کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی مرتکب ہوئیں۔نیب کی جانب سے کہا گیا کہ نیب لاہور میں طلبی پر نیب آفس پر حملہ بھی کیا گیا، ملزمان کا کنڈکٹ ان کیخلاف گواہان پر بھی دباؤ ڈالنے کا سبب بنا۔

نیب نے کہا کہ احتساب عدالت نے مریم نوازکو 7سال قید اور 2 ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی، ان کوکوئی بھی عوامی عہدہ رکھنے کے لیے نااہل قرار دیا گیا، 6 جولائی 2018 کو سنائی گئی سزاکیخلاف اپیل تاحال زیرالتوا ہے، اپیل پر گزشتہ 8 سماعتوں میں 5 بار اپیل کنندگان نے التوا مانگا۔نیب کی جانب سے استدعا کی گئی کہ 19 ستمبر 2018 کو مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرکے ضمانت دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیاجائے۔واضح رہے کہ مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کالعدم قرار دینے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں