اوپن یونیورسٹی

اوپن یونیورسٹی’ نوجوان پا کستانیت کے جذبے کے ساتھ حصول تعلیم پر خصوصی توجہ دیں’ڈاکٹر ضیاء القیوم

اسلام آباد( گلف آن لائن) ٹیکنالوجی ایڈوانسمنٹ کی بدولت تعلیم کا حصول پہلے سے کہیں زیادہ سہل ہوچکا ہے ، نوجوان نسل خوش قسمت ہے کہ انہیں پڑھنے اور سیکھنے کے لئے تمام جدید سہولتیں دستیاب ہیں، نوجوانوں کو پا کستانیت کے جذبے کے ساتھ اپنی شخصیت کو اثر انگیز بنانے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے حصول تعلیم پر خصوصی توجہ دینی ہوگی”اِن خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسزکے زیر اہتمام جشن آزادی کے حوالے سے اگست کے ماہ میںمنعقد ہ مقابلوں میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کوانعامات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ تحریک پاکستان کے مقاصد پر عمل پیرا ہونے کی وجہ سے پچھلی دہائیوں کی نسبت آج ہم زیادہ ترقی یافتہ ہیں۔ مزید بہتری لانے کے لئے نئی نسل کوآگے بڑھنا ہوگا ، جو جتنا تعلیم یافتہ ہوگا ، جتنا ہنر مند ہوگا معاشرے میں اتنا ہی اچھا مقام پائے گا اوروہ اُ س قدر ہی ملک کی خدمت کرسکے گا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کئے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا ہے ، یہ امر خوش آئند ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی معاشرے میں تعلیم کے فروغ کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ تاریخ کی چئیرپرسن، پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ اعوان نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ہمیں”تعلیم ، تعلیم اور کام”کا درس دیا ہے اور خوش قسمتی ہے کہ آج کے نوجوان قائد کے قول پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ یاد رکھنے والی قومیںاپنی عظمت کی آفاقیت کو برقرار رکھتے ہیں اور تابناک مستقبل ان کا منتظر رہتا ہے۔ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز ، رانا طارق جاوید نے کہا کہ اگست کے پورے ماہ میں جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ مختلف تقاریب کا بنیادی مقصد نئی نسل کی فطرت میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے رجسٹرار ، راجہ عمر یونس نے تقاریب کو نہ صرف ترتیب دیا تھا بلکہ ہمیں ان کی انتظامی سرپرستی بھی حاصل رہی۔انہوں نے وائس چانسلر سیکرٹریٹ ، شعبہ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ٹیکنالوجی ، شعبہ پاکستان سٹڈی اور شعبہ تاریخ کا تقاریب میں معاونت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر ملی نغموں ، تقاریر ، مضمون نویسی اور پینٹنگ مقابلہ جات کے ونرز کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد دئیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں