اسلم اقبال

حکومت صوبے میں 9سپیشل ٹیکنالوجی زون بنائے گی، پہلا ٹیکنالوجی زون ٹیوٹا سیکرٹریٹ لاہور میں بنے گا’اسلم اقبال

لاہور(گلف آن لائن) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت صوبے میں 9سپیشل ٹیکنالوجی زون بنائے گی۔ پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی زون ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں بنے گا۔ صوبائی وزیر نے اس بات کا اعلان ایوان وزیر اعلی میں وزیر اعلی سرمایہ کاری سہولت سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، چینی اور پاکستانی سرمایہ کاروں نے تقریب میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا ٹیکنالوجی زون بنانے والا پہلا صوبہ ہوگا اور یہ سپیشل ٹیکنالوجی پارک صوبے کے 9ڈویژنوں میں بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سرمایہ کاروں کو سہولت کی فراہمی کے لئے وزیر اعلی سرمایہ کاری سہولت سینٹر قائم کرکے سرمایہ کاری کے فروغ کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تاریخ ساز اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نے صوبائی وزرا کو اپنے محکموں میں اصلاحات لانے کے لئے مکمل با اختیار بنایا ہے۔

کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اورسرمایہ کاروں کو سہولت کی فراہمی کے لئے تمام ٹیکسوں کویکجا کیا جارہا ہے۔ صوبے میں انسپکٹر لیس رجیم متعارف کروایا گیا ہے اور فیکٹریوں میں بوائلر کی انسپکشن کا تھرڈ پارٹی نظام لایا گیا ہے۔ پنجاب روزگار سکیم کے تحت کورونا سے متاثر ہ کاروبار کی بحالی اور نیا کاروبار شروع کرنے کے لئے پنجاب روزگار سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کے آسان قرضے د یئے جارہے ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صوبے میں 9سپیشل اکنامک زون بنائے گئے ہیں جہاں نئے صنعتی یونٹس لگ رہے ہیں۔ صوبے میں نئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس بھی بنائی جارہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں