مالیاتی نتائج

پی ٹی سی ایل گروپ نے7فیصد ریونیو اور136فیصد منافع کے ساتھ مستحکم مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

کراچی (گلف آن لائن) ملک کے صف اول کے ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارہ ، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے والی مضبوط کاروباری حکمت عملی کی بدولت اپنے ریونیو میں 7.3فیصد قابل ذکر اضافے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے 18 اکتوبر 2021 کو اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے منعقدہ اجلاس میں 30 ستمبر 2021 کو اختتام پذیر ہونے والی نوماہی مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ نے سال 2021 کے ابتدائی نو ماہ کے دوران102.4ارب کا ریونیو حاصل کیا جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں7فیصد زائد ہے۔ یو بینک نے اپنی ترقی کی رفتار جاری رکھنے کے ساتھ آمدن میں23فیصد اضافہ کیا۔ پی ٹی ایم ایل (یوفون) کے ریونیو میں مارکیٹ میں سخت مسابقت کے باوجود 4.6فیصد اضافہ ہوا۔پی ٹی سی ایل گروپ نے مضبوط مالیاتی اور آپریشنل کارکردگی پیش کی اور گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 1.6ارب روپے کے مقابلے میں3.7ارب کا خالص منافع حاصل کیا۔ پی ٹی سی ایل کی آمدن ان نو ماہ کے دوران 57.3ارب رہی جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں7.3فیصد زائد رہی جس کی بڑی وجہ براڈ بینڈ اور کارپوریٹ اینڈ ہول سیل بزنس کے شعبوں میں اضافہ ہے۔

کمپنی نے3.7ارب روپے آپریٹنگ منافع کا اعلان کیا ہے جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں44.3فیصد زائد ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں خالص منافع 39.2فیصد کے اضافے سے5.7ارب روپے ہوگیا۔ کمپنی اپنے موجودہ انفراسٹرکچر اور نیٹ ورک کو اپ گریڈ کررہی ہے ، اس کے ساتھ ملک بھر میں فائبر ٹو دی ہوم (ایف ٹی ٹی ایچ )میں وسعت لاکر بڑے پیمانے پر صارفین کو بلاتعطل کنکٹویٹی اور بہترین سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔ ایف ٹی ٹی ایچ کی تیزرفتاری سے تنصیب اور کارپوریٹ و ہول سیل شعبوں میں مستحکم کارکردگی پی ٹی سی ایل کی ترقی کا گراں قدر باب ہے اور اس کے ساتھ آپٹمائزیشن پروگرام کی بدولت کمپنی کے منافع میں نمایاں اضافہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں