محمد زبیر

سول نافرمانی تحریک کا اعلان نہیں کر رہے، عوام میں جا کرحکومت کا چہرہ بے نقاب کریں گے،محمد زبیر

کراچی(گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف اورنائب صدر مریم نواز شریف کے ترجمان اور سابق گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سول نافرمانی تحریک کا اعلان نہیں کر رہے، عوام میں جا کرحکومت کا چہرہ بے نقاب کریں گے۔

خصوصی گفتگوکرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا ہے، شہبازشریف نے پارلیمنٹ کے اندربڑی زبردست تقریرکی۔ مہنگائی، بے روزگاری، غربت بڑے مسائل ہیں،غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،احتجاج کی ڈیڈلائن کوئی نہیں ہے۔ احتجاج کا مقصد پی ٹی وی،پارلیمنٹ کے دروازے توڑنا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی سول نافرمانی تحریک کا اعلان نہیں کر رہے، قائد ن لیگ کا بیانیہ پورے پاکستان میں گونج رہا ہے، احتجاج کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، عوام میں جا کرحکومت کا چہرہ بے نقاب کریں گے۔

مہنگائی کی وجہ سے ہرجگہ تباہی ہے۔ معیشت، خارجہ پالیسی، گورننس پر تحفظات ہیں حالات عمران خان کے کنٹرول میں نہیں ہیں۔سابق گورنر سندھ نے کہاکہ سیاست میں ایک دوسرے سے اختلاف رائے ہوتا ہے، بلاول بھٹونے بھی مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے، ہوسکتا ہے پیپلزپارٹی ہماری اسٹیج پرنہ آئے لیکن اپنا احتجاج کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو اتنی آسانی سے چلنے نہیں دیں گے۔ عمران خان کا کرپشن کے خلاف بیانیا پٹ گیا ہے، لندن سے پہلے شہبازشریف اب اسحاق ڈارکے حق میں فیصلہ آیا ہے، حکومت کو ان فیصلوں کوپڑھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں تمام ادارے اپنی حدود میں رہیں، سب جماعتوں کو لیول پلائنگ فیلڈ ملنی چاہیے، تحریک انصاف عوام کی طاقت سے اقتدارمیں نہیں آئی، جہانگیرترین نے اعتراف کیاکہ پنجاب میں جہازکا استعمال کیا گیا، وزیرخزانہ شوکت ترین اب ایڈوائزرہوگئے ہیں اب ای سی سی میٹنگ چیئرنہیں کرسکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں