فواد چوہدری

پنجاب کے ہر خاندان کو صحت کارڈز کے ذریعے علاج کی سہولت حاصل ہوگی، وزیراطلاعات

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر خاندان کو صحت کارڈز کے ذریعے دس لاکھ روپے تک علاج کرانے کی سہولت حاصل ہوگی، صحت، تعلیم اور چار بنیادی اشیائے ضرورت آٹا، چینی،دال اور گھی پر بڑا ریلیف لا رہے ہیں، بنیادی سیاسی اصلاحات کے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بعد اب پنجاب کا ہر خاندان ہر سال دس لاکھ روپے تک صحت کارڈ کے ذریعے حاصل کر سکے گا، اس گیم چینجر پروگرام کے ذریعے اب کوالٹی علاج غریب ترین سے متوسط طبقے تک ہر فرد کو میسر ہو گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ صحت، تعلیم اور چار بنیادی اشیائے ضرورت آٹا، چینی،دال اور گھی پر بڑا ریلیف لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پروگرام پنجاب میں ان شائ اللہ دسمبر سے شروع ہوگا اور مارچ تک پورے پنجاب میں صحت کارڈز مل جائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحت کارڈ عوام اپنی مرضی کے کسی بھی ڈاکٹر یا ہسپتال میں استعمال کر سکیں گے، سرکاری ہی نہیں پرائیویٹ ڈاکٹر اور ہسپتال بھی اب عوام کے علاج کیلئے بلامعاوضہ میسر ہوں گے۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں وفاقی وزیر ابلاعات نے کہا کہ فیک نیوز کے حوالے سے قانون بنا کر کابینہ کے حوالے کر دیا ہے، 2018 سے کہہ رہا ہوں کہ بنیادی سیاسی اصلاحات کے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا، میڈیا اور عدالتی اصلاحات لازمی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں