ایشیائی ترقیاتی بینک

احساس پروگرام ،ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 60کروڑ ڈالر فراہم کرے گا

اسلام آباد (گلف آن لائن)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو احساس پروگرام کے لیے 60کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کردیا، اے ڈی بی سے حاصل رقم سے پاکستان میں سماجی شعبے کا تحفظ بہتر ہوسکے گا،تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی ،

ملاقات میں وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان کی مسلسل تکنیکی اور مالی معاونت پر اے ڈی بی مینجمنٹ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعریف کی،عمر ایوب نے ویکسین کی خریداری کے لیے کی بروقت مدد کو بھی تسلیم کیا جبکہ دونوں فریقوں نے ملک میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم کے لیے اضافی مالی وسائل کو متحرک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا،

کنٹری ڈائریکٹر نے عمر ایوب کو بتایا کہ حال ہی میں احساس پروگرام کے تحت انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈویلپمنٹ کے لیے 60کروڑ ڈالر فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ ایک نئے پروگرام پر بات چیت کی ہے،وفاقی وزیر کا کہنا تھا اے ڈی بی سے حاصل رقم سے پاکستان میں سماجی شعبے کا تحفظ بہتر ہوسکے گا، رقم کا مقصد احساس پروگرام کو مزید بہتر بنانا ہے، انسداد کورونا کے لیے بینک کے تعاون کے شکر گزار ہیں،عمر ایوب نے کہا پاکستان میں ویکسین کی مہم بہترین انداز سے جاری ہے، پاکستان میں سڑکوں اور ڈیجیٹل رابطوں کی سہولیات بہتر کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں