علی امین گنڈاپور

24 اکتوبر عہد تجدید کا دن ،ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے، علی امین گنڈاپور

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورنے کہا ہے کہ 24 اکتوبر عہد تجدید کا دن ہے ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر کے 74 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ 24 اکتوبر کا دن آزاد کشمیر کی تاریخ میں انتہائی اہم مقام رکھتا ہے ، 24 اکتوبر 1947 کو کشمیری عوام نے اپنی لازوال قربانیوں سے آزاد جموں و کشمیر حکومت کی بنیاد رکھی، 24 اکتوبر عہد تجدید کا دن ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدو جہد کو کچلنے کے لیے بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی قابض افواج نہتے کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشنز اور جھوٹے مقابلوں میں شہید کر رہی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کر رہا ہے۔علی امین گنڈاپورنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، پاکستان بھارت کے تمام سفاکانہ اقدامات کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بھرپور انداز میں اٹھائی ہے ، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظالمانہ اقدامات سے متعلق ڈوزیر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال کا عالمی دنیا کو فوری نوٹس لینا چاہیے، عالمی برادری حق خودارادیت سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں