کابل(گلف آن لائن)افغانستان کے نائب وزیرِ اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان سے لاحق خطرات سے بچنے کے لیے عالمی برادری کو طالبان کو تسلیم کرنا ہو گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان کے نائب وزیرِ اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے یہ بات افغان دارالحکومت کابل میں گزشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس میں کہی۔انہوں نے کہا کہ طالبان کو تسلیم نہ کرنے پر کسی خطرے سے بچاو کی ذمے داری نہیں لے سکیں گے، ہم نے امریکا سے جنگ کی کیونکہ انہوں نے ہمیں تسلیم نہیں کیا تھا۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ طالبان کو تسلیم نہیں کیا جاتا تو افغانستان، خطے اور دنیا کے مسائل بڑھیں گے، طالبان کو تسلیم کرنا دو طرفہ ضرورت میں آتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان حکومت تسلیم کرنے کی عالمی برادری کی تمام پیشگی شرائط پوری کر چکے ہیں، تمام ممالک افغانستان میں اپنے سفارتی مشن کو فعال کریں۔افغانستان کے نائب وزیرِ اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان کسی بھی ملک کو فوجی اڈے بنانے کے لیے جگہ نہیں دے گا۔