اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین کی جانب سے 74 ویں جشنِ یومِ آزادی و الحاقِ پاکستان پر اہلِ گلگت بلتستان سمیت پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے شہداء اور غازیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں،وہ شہداء اور غازی جنہوں نے اپنے زورِ بازو پر ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کی۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے ڈوگرا راج سے نجات حاصل کرکے پاکستان سے الحاق کیا،آج عہدِ وفا کی تجدید کا دن ہے۔
انہوںنے کہاکہ وہ عہدِ وفا جس کی بنیاد 74 سال قبل گلگت بلتستان کے بزرگوں نے الحاقِ پاکستان کی شکل میں رکھی تھی،گلگت بلتستان کی جنگ آزادی اپنی نوع میں ایک منفرد جدوجہد تھی، جس میں عوام نے بھی حصہ لیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ گلگت بلتستان کی عوام کی بہبود و ترقی کے لئے اقدام اٹھائے ہیں،یہ وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے، جنہوں نے سب سے پہلے 1974ع میں گلگت بلتستان میں اصلاحات کو متعارف کرایا،
ان اصلاحات کے نتیجے میں ایف سی آر اور راج شاہی کا خاتمہ ہوا،یہ شہید بینظیر بھٹو تھیں، جن کی حکومت نے 1994 میں گلگت بلتستان کو پہلا لیگل فریم ورک آرڈر دیا۔ انہوںنے کہاکہ صدر آصف علی زرداری نے 2009 میں گلگت بلتستان کو شناخت دی اور یہاں کی اسمبلی کو بااختیار بنایا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی حفاظت اور ترقی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔