لاہور(گلف آن لائن)ناموراداکارہ ماہ نور نے کہا ہے کہ اپنی محنت کی کمائی سے مستحق لوگوں کے گھر کا چولہاجلانا جتنے ثواب کا کام ہے شاید ہی اس سے بڑی کوئی او رنیکی ہو گی ،بے شمار اداکار ایسے ہیں جو اپنی کمائی میں سے ایسے لوگوں کی مدد کرتے ہیں جن کا ذریعہ آمدن نہیں ہوتا یا محدود ہوتا ہے ۔ ایک انٹرویو میں ماہ نور نے کہاکہ ایسی سوچ نہیں ہونی چاہیے کہ لوگ آپ سے مانگیں بلکہ آپ کو دوسروں کے حالات کا اندازہ ہونا چاہیے اور مستحق لوگ آپ کی نظر میں ہونے چاہئیں جن کی خاموشی سے مدد کی جانی چاہیے ۔
ماہ نورنے کہاکہ میری خداکی ذات سے دعا ہے کہ مجھے سخی دل رکھے تاکہ میں اپنے مستحق بہن بھائیوں کے کام آتی رہوں۔میں سمجھتی ہوں میں ایسے لوگوں کی دعا ئوں کی وجہ سے خدا کی ذات نے مجھے عزت اورمقام عطا کیا ہے۔