جمشید اقبال چیمہ

سابقہ حکمران سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معیشت کی راہ میں بارودی سرنگیں بچھا کر گئے ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ہم نے معیشت کی ابتری کے حوالے سے جو اندازے لگائے تھے مسلم لیگ(ن) کی حکومت اس سے کہیں زیادہ کھلواڑ کر کے گئی ہے ، ماضی کے حکمران ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معیشت کی راہ میں بارودی سرنگیں بچھا کر گئے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑا ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی سیاست بچانے کیلئے قومی اداروں کے خلاف گھنائونا کھیل کھیل رہی ہے جس کے انتہائی بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ عوام قومی اداروں کی عزت اور دفاع کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے لیکن اداروں کو بھی اپنے اوپر حملہ آور ہونے والوں کے خلاف قانون کے مطابق نوٹس لینا چاہیے ۔

انہوںنے کہا کہ سابقہ حکمران موٹر ویز، پاکستان ٹیلی وژن سمیت دیگر قومی اداروں کو گروی رکھ کر حکومت کر رہے تھے ، ان کے چھوڑے ہوئے پہاڑ جیسے قرضوں پرسالانہ صرف سود کی مد میں اربوں روپے کی ادائیگیاں کرنا پڑ رہی ہیں۔ 2008سے 2018ء کے دوران غیر ملکی قرضوں میں چار گنا اضافہ ہوا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایسے اقدامات کئے گئے تاکہ آنے والی حکومت مشکلات سے باہر نہ نکل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں