نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ حکومت کا آئندہ سال 17 جنوری سے مرحلہ وار انٹرنیشنل بارڈرز کھولنے کا اعلان

ویلنگٹن (گلف آن لائن)نیوزی لینڈ حکومت نے آئندہ سال کے شروع سے مرحلہ وار انٹرنیشنل بارڈرز کھولنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق 17 جنوری سے آسٹریلیا میں رہنے والے نیوزی لینڈ کے شہری مکمل ویکسین کے ساتھ کورنٹین سنٹر کے بغیر نیوزی لینڈ کا سفر کر سکیں گے اس کے علاوہ 13 فروری سے دیگر ممالک میں رہنے والے نیوزی لینڈ کے شہری بھی مکمل ویکسین کے ساتھ نیوزی لینڈ کا سفر کر سکتے ہیں۔ نیوزی لینڈ حکومت نے آئندہ ماہ کے شروع میں پاکستان ‘ہندوستان’ انڈونیشیا، فجی اور برازیل کو ہائی رسک والے ممالک کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کیا ہےـ

کووڈ ریسپانس منسٹر کرس ہپکنز نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال 17 جنوری سے آسٹریلیا میں رہنے والے نیوزی لینڈ کے شہری جبکہ 14 فروری سے دیگر ممالک میں رہنے والے نیوزی لینڈ کے شہری بھی مکمل ویکسین کے ساتھ کورنٹین سنٹر کے بغیر نیوزی لینڈ کا سفر کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 30 اپریل 2022 سے تمام دیگر ممالک کے لوگ مکمل ویکسین کے ساتھ نیوزی لینڈ کا سفر کر سکیں گےـ کرس ہپکنز نے کہا کہ ہماری بین الاقوامی سرحدی پابندیوں میں تبدیلی سے نیوزی لینڈ کا سفر آسان ہو جائے گا۔ ہماری ویکسینیشن کی اعلیٰ سطح سرحد پر زیادہ لچک کی اجازت دیتی ہے لیکن ہمیں پھر بھی محتاط انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سے زیادہ تر مسافروں کو کورنٹین سنٹر سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ لوگوں کو یہ توقع نہیں کرنی چاہئے کہ 2022 میں سفر وبائی امراض سے پہلے کی طرح ہوگا۔ تمام مسافروں کو روانگی سے قبل منفی ٹیسٹ کے علاوہ مکمل ویکسینیشن کا ثبوت اور سفر سے متعلق تمام تفصیلات بھی دینا ہوں گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ متعلقہ شخص پچھلے 14 دنوں میں کسی بہت زیادہ خطرے والے ملک میں تو نہیں تھا انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں آنے والے تمام مسافروں کا ایئرپورٹ پر کووڈ ٹیسٹ بھی کیا جائے گا نیگیٹیو ٹیسٹ آنے کی صورت میں وہ گھر میں سات دنوں کا کورنٹین کریں گے اور ساتویں دن ان کا ایک اور کووڈ ٹیسٹ کیا جائے گا منفی ٹیسٹ آنے کی صورت میں وہ کمیونٹی میں داخل ہو سکیں گےـ

انہوں نے کہا کہ جو لوگ مکمل ویکسینیشن نہیں کروائیں گے یا بصورت دیگر معیار پر پورا نہیں اترتے انہیں سات دن تک MIQ میں رہنے کی ضرورت رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں