لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ماضی کی حکومتوں کے بیگاڑ کو درست کرنے اور ملک کی معیشت کوصحیح سمت میں گامزن کرنے کیلئے بھرپور لگن کے ساتھ انتھک کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں،کرونا کی نئی لہرکا آنا تشویش کا باعث ہے اوراین سی او سی نے اسی تناظر میںاس کاشکار ہونے والے چھ ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی ہے،اپوزیشن نے منفی طرز عمل کو ترک نہ کیا تو انہیں عوام کے شدید غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے حلقہ این اے 131 کے پارٹی رہنمائوں اور متحرک کارکنان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ہمایوں اخترخان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اورپیپلزپارٹی کویہ شکوہ ہے کہ اب نظام ان کے کہے کے مطابق کیوں نہیں چل رہا اس لئے ایک منصوبے کے تحت اداروںکے خلاف منفی پراپیگنڈاکیا جاتاہے جوکسی طرح بھی مناسب رویہ نہیں ۔وزیر اعظم عمران خان واضح کہہ چکے ہیں کہ اب ملک کا نظام آئین و قانون کے مطابق چلے گا کیونکہ اس کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک میں کوروناکی نئی لہر آئی ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔حکومت یقینی طور پر پیشگی تیار یاں کر رہی ہے اور اسی تناظر میں این سی او سی نے ایسے ممالک جہاں پر اس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ان پر سفری پابندی عائد کر دی ہیں۔ خداکی ذات سے دعا ہے کہ وہ پاکستان سمیت پوری دنیا کو نئی لہر سے محفوظ رکھے تاکہ طویل عرصے بعد معمول پر آنے والے حالات رواںدواں رہیں۔