چیمبر الیکشن

فیڈریشن چیمبر الیکشن میں کامیابی کے بعدبزنس ویمن کو بھرپور نمائندگی فراہم کرینگے،ایس ایم منیر

کراچی (گلف آن لائن)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی )کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے یو بی جی کے خواتین ونگ کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں مخالفین کے خلاف زیادہ پرجوش اور متحرک ہونے کا مشورہ دے دیااورکہا ہے کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ کی کامیابی میں بزنس ویمن کا اہم کردار ہے اورہمارا گروپ خواتین کو ایف پی سی سی آئی کی تمام ہی کمیٹیوں میں نمائندگی فراہم کرتا رہا ہے لیکن موجودہ قبضہ مافیا گروپ نے ویمن چیمبرز کی نمائندوں کے ساتھ بھی ناانصافی کی ہے اور انہیں اہمیت دینے کے بجائے کنارے لگانے کی کوشش کی ہے مگر یو بی جی ایک بار پھر فیڈریشن چیمبر الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے بزنس ویمن کو بھرپور نمائندگی کے مواقع فراہم کرے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار افتخار علی ملک کی رہائشگاہ پریو بی جی ویمن ونگ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر چیئرمین یونائٹیڈ بزنس گروپ اور صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری افتخار علی ملک،یو بی جی ویمن ونگ کی چیئرپرسن ثمینہ فاضل،وائس چیئرپرسن سعیدہ ملک ،ناہیدمسعود نے بھی خطاب کیا۔یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کے مطابق اجلاس میں اتفاق رائے سے ایف پی سی سی آئی کی خواتین کوٹے پر نائب صدارت کی نشست کیلئے کے پی کے کی محترمہ رخسانہ نادر کو امیدوار اورثمینہ فاضل کو متبادل امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیاجبکہ فیصل آباد کی محترمہ روبینہ امجدکویو بی جی پنجاب ونگ کی چیئرپرسن بنانے کا اعلان کیا گیا ۔اجلاس میں رضوانہ شاہد،مریم چوہدری،شبنم ظفر،ناہیدمسعود،عالیہ خان،نورین امجد،نائلہ انصاری،عائشہ، فرزانہ برنی سمیت ایف پی سی سی آئی میںیونائٹیڈ بزنس گروپ کے امیدوار برائے سینئرنائب صدرمحمدحنیف گوہر،خالدتواب،نوراحمدخان، یو بی جی لاہور کے چیئرمین علی حسام اصغر،وقار ایم میاں اوردیگر رہنما بھی موجود تھے۔

یس ایم منیر نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ سے منتخب تمام صدور اور انکی ٹیموں نے ایف پی سی سی آئی کے تمام مالی وسائل کو ختم کردیاتھا اور ہمارے آخری صدر نے فیڈریشن کے خزانے میں16کروڑ روپے چھوڑے تھے جس میں سے موجودہ متنازعہ صدرنے ذاتی تشہیر پر 14 کروڑ روپے اڑا دیئے ہیں،فیڈریشن کے وسائل دوسال میں اضافے کے بجائے لٹادیئے گئے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی اب آنے والے ایف پی سی سی آئی الیکشن میں کسی قسم کی مواقع فراہم کررہے ہیں ،تعلیم یافتہ بزنس ویمن کو بھی تجارتی سیاست میں بھرپور انداز میں حصہ لینا چاہیئے۔

انکا کہنا تھا کہ یو بی جی کے تمام امیدوار ایک بار پھر اکثریت سے کامیاب ہونگے ،ہم نے ایف پی سی سی آئی میں مثبت کام کئے ہیں اورپاکستان میں فیڈریشن کے عالیشان دفاتر قائم کئے،40 سال تک ہم نے بزنس کمیونٹی کی خدمت کی ہے، الزام تراشی کرنا سب سے آسان کام ہے جو گھر میں بیٹھ کر کیا جاتا ہے جبکہ کارکردگی صرف گھر سے باہرنکل کر اور بزنس کمیونٹی کی خدمت کرنے سے ہی سامنے آتی ہے،فیڈریشن الیکشن میں برسراقتدارگروپ کی مثال “کان بند کرکے راگ الاپنے ” جیسی ہے ، ملک کی 75سے80فیصد بزنس کمیونٹی ہمارے ساتھ ہے اورہم فیڈریشن الیکشن کیلئے بہترین امیدواروں کا گلدستہ پیش کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں