کنگنا رناوت

کنگنا رناوت کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول، پولیس کو شکایت درج کروادی

ممبئی (گلف آن لائن) بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہونے پر پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروادی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوت کو سکھ کمیونٹی کیخلاف متنازع بیان دینا مہنگا پڑگیا جس کے بعد اْنہیں مارنے کی دھمکیاں ملنے لگیں۔کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی تصویر شیئر کی جس کے ساتھ اْنہوں نے ہندی زبان میں ایک طویل نوٹ بھی تحریر کیا۔اْنہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ‘غداروں کو کبھی معاف نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی بھولنا چاہیے، اس قسم کے واقعات میں ملک کے اندرونی غداروں کا ہاتھ ہے، غداروں نے کبھی پیسے کیلئے اور کبھی عہدے اور اقتدار کیلئے بھارت کو داغدار کرنے کا ایک بھی موقع نہیں چھوڑا’۔

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ‘مجھے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، بھارتی پنجاب کے شہر بھٹنڈہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے مجھے جان سے مارنے کی کھلی دھمکی دی ہے لیکن میں اس قسم کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتی’۔کنگنا رناوت نے کہا کہ ‘میں ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف بولتی ہوں اور ہمیشہ بولتی رہوں گی’۔

اپنے تبصروں کا دفاع کرتے ہوئے کنگنا نے مزید کہا کہ ‘میں نے کبھی کسی ذات، مذہب یا گروہ کے بارے میں کوئی توہین آمیز یا نفرت انگیز بات نہیں کہی’۔کنگنا نے کہا کہ ‘پنجاب میں الیکشن ہونے والے ہیں، اس کیلئے کچھ لوگ میرے الفاظ کو سیاق و سباق کے بغیر استعمال کر رہے ہیں، اگر مجھے مستقبل میں کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار صرف نفرت اور بیان بازی کی سیاست کرنے والے ہوں گے’۔اداکارہ نے کہا کہ ‘ان سے عاجزانہ درخواست ہے کہ وہ الیکشن جیتنے کے اپنے سیاسی عزائم کیلئے کسی کے خلاف نفرت نہ پھیلائیں۔’اْنہوں نے کہا کہ ‘میں نے دھمکیوں کیخلاف مقدمہ درج کروادیا ہے ،اْمید ہے پنجاب حکومت اس کے خلاف جلد از جلد ایکشن لے گی’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں