وزیراعلیٰ سندھ

تمام عمارتوں کے لیے وہیل چیئر کا راستہ بنانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (گلف آن لائن)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے تمام عمارتوں کے لیے وہیل چیئر کا راستہ بنانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ معذور افراد نے جمعہ کے دن وزیراعلی ہائوس آ کر عزت بخشی، 2016 میں وزیراعلی بنا تو کچھ معذور افراد وزیراعلی ہاؤس ملنے آئے، میں نے اندر بلانا چاہا لیکن وہیل چیئر ٹریک نہیں تھے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم جب اپوزیشن میں تھے اس وقت بھی ان کے احتجاج میں شامل ہوتے تھے، اب ہرعمارت کے لیے لازمی قرار دیا ہے کہ وہیل چیئر کا راستہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ صادق میمن کو جب محکمہ دیا تو انہوں نے کہا میں کیا کروں گا، میں نے کہا وزیراعلی کا اتنا کام نہیں جتنا اس وزارت میں ہے، یہ ایک ہفتے بعد ملے تو کہنے لگے زبردست کام دیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے جتنا کام کیا ہے کم ہے، زیادہ کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ جو کمپلیکس بنانا چاہتے ہیں سندھ حکومت آپ کے ساتھ ہے، ہم ہر ضلع میں آٹزم کے سینٹر قائم کرنا چاہتے ہیں، میں خصوصی افراد کے لیے انویسٹمنٹ کرنا چاہتا ہوں، مجھے ایسے لوگ چاہئیں جو محبت اور محنت سے یہ کام کرنا چاہتے ہوں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے کام پیسوں سے نہیں بلکہ دل سے ہوتا ہے، سجاول والا سینٹر مزید بہتر کرنا ہے، ہم نے 2018 میں قانون بنایا جو خصوصی افراد کو با اختیار کرنے کا بہترین قانون ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں