ڈاکٹر ضیاءالقیوم

ادارے کے وقار کو بلند کرنے کے لئے مل کر کام کرینگے ۔ ڈاکٹر ضیاءالقیوم

اسلام آباد(گلف آن لائن) “علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وقار کو بلند کرنے، تعلیمی اداروں میں ممتاز مقام دلانے اور 12لاکھ طلبہ کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے باہمی احترام اور مشاورت کے ساتھ مل کر کام کرینگے”ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ اساتذہ کی فلاح و بہبود اور ادارے کی بہتری کے لئے ایسوسی ایشن کی جانب سے آنے والی ہر تجویز پر غور و فکر کرینگے اور جائزہ لے کر فوری فیصلے کرینگے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں دوسروں کی رائے کی قدر کی جاتی ہے ، اختلاف رائے بہت اچھی چیز ہے مگر اس کو ذاتی اختلات ہر گز نہ بنائیں، جس کی بات میں زیادہ وزن ہو ان سے اتفاق کرکے ادارے کی بھلائی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ بے جا تنقید اور بڑوں کے فیصلوں کا احترام نہ کرنے سے بد انتظامی آتی ہے جو بدنامی کا باعث بنتی ہے۔ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے نومنتخب تمام عہدیداران بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ڈاکٹر شاہ معین الدین ہاشمی )صدر(، ڈاکٹر محمد کمال)نائب صدر(، ڈاکٹر سلمان قریشی)جنرل سیکریٹری(، ڈاکٹر ناصر حسین شاہ)فنانس سیکریٹری(اور ڈاکٹر طارق تونیو)جوائنٹ سیکریٹری(منتخب ہوئے۔تقریب کے آغاز پر وائس چانسلر نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔

نومنتخب صدر ، ڈاکٹر شاہ معین الدین ہاشمی اور جنرل سیکریٹری ، ڈاکٹر سلمان قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یونیورسٹی میں احترام ، عزت اور وقار کی فضاءقائم کرینگے اور اساتذہ کے جائز مطالبات ادب و احترام کے ساتھ وائس چانسلر اور انتظامیہ کو پیش کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا ماحول بہتر بنائیں گے اور ٹیبل ٹاک کے ذریعے اساتذہ کے مسائل حل کرینگے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا وقار بلند کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرینگے۔ تقریب کے انعقاد میں بھرپور تعاون کی فراہمی پر صدر اور جنرل سیکریٹری نے یونیورسٹی کے رجسٹرار ، راجہ عمر یونس کا شکریہ ادا کیا۔بلا مقابلہ منتخب ہونے پر انہوں نے فیکلٹی ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں