ہمایوں اخترخان

اپوزیشن کا منتخب جمہوری حکومت کو گھر بھجوانے کی باتیں دیوانے کی بڑ ہے’ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں شاید یہ پہلی اپوزیشن ہے جو ملک و قوم کی بجائے اپنی قیادت کے مسائل کو اجاگر کرنے اور انہیں ریلیف دلوانے کیلئے سڑکوں پر ہے ،مسلم لیگ (ن) میں قیادت سنبھالنے کی جنگ عروج پر ہے ، سابقہ حکومت قرضوں کے پہاڑ چھوڑ کر گئی اور ایک ایسا منصوبہ نہیں بنایا گیا جس سے یہ قرضے واپس ہو سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی کے مرکزی رہنمائوں اورحلقہ این اے 131کے اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ بد قسمتی سے ان لوگوں کے لئے تحریک چلائی گئی جو ہر بار قوم کو چھوڑ کر لندن جا بسیرا کرتے ہیں اور پھر حالات معمول پر آنے کا انتظار کرتے ہیں کیا یہ قوم کے لیڈر ہیں ؟۔

مسلم لیگ (ن) بجلی کے کارخانے لگانے کی بات توکرتی ہے لیکن کیاآئی پی پیز کے انتہائی مہنگے معاہدوں بارے قوم کو بتانا پسند کریں گے ، بجلی نہ بھی لیں تب بھی 60فیصد کیپسٹی پے منٹ کی ادائیگی کرنے کا معاہدہ کیا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دورمیں انتہائی مہنگے کمرشل قرضے لئے جو معیشت کے گلے کا پھندا بنے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے اس لئے اپوزیشن کا منتخب جمہوری حکومت کو کسی تحریک کے ذریعے گھربھجوانے کی باتیںدیوانے کی بڑ کے سوا کچھ نہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں