پاکستان سپر لیگ

پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے شروع ہوگا، ایونٹ کے 34 میچز کراچی اور لاہور میں ہوں گے

لاہور (گلف آن لائن)پاکستان سپر لیگ(پی سی ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے دنیا بھر سے443 کرکٹرز مختلف کیٹیگریز میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں،کرس گیل، تبریز شمسی، ڈیوڈ ملر، ایلیکس ہیلز، جیسن روئے، جیمز فوکنر اور بین کٹنگ سمیت ٹاپ پلیئرز 27 جنوری سے شروع ہونیوالے ایونٹ میں جگمگانے کو تیار ہیں،پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے شروع ہوگا، ایونٹ کے 34 میچز کراچی اور لاہور میں ہوں گے،ایکشن سے قبل پلیئرز ڈرافٹ 12 دسمبر کو منعقد کیا جائے گا جس میں پاکستانی پلیئرز کے علاوہ 443 غیر ملکی پلیئرز بھی مختلف ٹیموں کو دستیاب ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق 19 کھلاڑیوں نے پلاٹینم کیٹیگری کیلئے رجسٹرڈ کرایا ہے،پلاٹینم میں شامل تبریز شمسی صرف ایک ہفتے کیلئے دستیاب ہیں ،کرس گیل آغاز سے 13 فروری تک دستیاب ہوں گے،اس کے علاوہ جیسن روئے یکم فروری سے آخر تک ، راشد خان اور ٹیمال ملز پی ایس ایل کے دوسرے روز سے ٹیموں کو جوائن کرسکیں گے۔ پلاٹینم کیٹیگری میں شامل دیگر پلیئرز ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، رائلی روسو، تھیسارا پریرا، کولن منرو، کولن انگرام، ڈیوڈ ولی، مرچنٹ ڈی لینج، اسورو اڈانا، جیمز وینس اور سندیپ لمیچانے پورے پی ایس ایل کیلئے ٹیموں کو دستیاب ہوں گے۔

اس کے علاوہ ڈائمنڈ کیٹیگری کے نمایاں پلیئرز میں ایلکس ہیلز، بین کٹنگ، ڈیوڈ ویزے ، ڈین لاورنس، جیمز فوکنر، لوئیس گریگوری، بین ڈنک، فیبین ایلن، حضرت اللہ زازائی، فل سالٹ، لیوک رائٹ ، ثاقب محمود، رحمان اللہ گرباز، سمت پٹیل، جونسن چارلس، محمود اللہ اور عفیف حسین شامل ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے ڈرافٹ میں آفغانستان، آسٹریلیا، بنگلا دیش، انگلینڈ، کینیڈا، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، نیپال، نمیبیا، نیدرلینڈز، اومان، پاپوا نیو گنی، اسکاٹ لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، امریکا، ویسٹ انڈیز اورزمبابوے جیسے ریگولر کرکٹ ملکوں کے علاوہ فرانس، ہانگ کانگ، ایران، اٹلی، ملائشیا، مالدیپ ، قطر اور جمہوریہ استوائی گنی سے بھی پلیئرز نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں