صدر مملکت

سرکاری ملازمین گورننس ، خدمات کی فراہمی بہتر بنانے پر توجہ دیں ،صدر مملکت

اسلام آباد (گلف آن لائن) صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ سرکاری ملازمین گورننس ، خدمات کی فراہمی بہتر بنانے پر توجہ دیں ، بہتر کارکردگی اور گورننس کیلئے آئی ٹی کی مدد سے تیزفیصلے کرنے کی ضرورت ہے ۔

صدر عارف علوی نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے 115ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ملازمین گورننس ، خدمات کی فراہمی بہتر بنانے پر توجہ دیں ، بہتر کارکردگی اور گورننس کیلئے آئی ٹی کی مدد سے تیزفیصلے کرنے کی ضرورت ہے ۔

عارف علوی نے کہاکہ عوام کی سرکاری ملازمین سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں ، سرکاری ملازمین عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوششیں کرے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ جدید علوم کے ساتھ کورس کے شرکاء کے درمیان اعتماد اور تعاون کی فضا پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، جدید ترین آئی ٹی ٹولز کا استعمال حکومت کی کارکردگی بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے۔ صدر مملکت نے شرکاء کو پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن، ایوان صدر میں ای گورننس کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ آئی ٹی سیکٹر میں ملکی برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، خواتین کی مالی خودمختاری ، وراثت میں ان کے حق کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششیں جا ری ہیں، خواتین کو با ہنر بنانے اور انکی مالی شمولیت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ ای کامرس کے فروغ کیلئے ایمیزون کی مدد سے تربیت فراہم کرنے کا حکومتی فیصلہ خوش آئند ہے ، بڑھتی ہوئی آبادی ملکی وسائل پر بہت زیادہ دباؤ ڈال رہی ہے ۔ عارف علوی نے کہاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے مضمرات بارے آگاہی کیلئے علمائے کرام اور میڈیا کا تعاون ضروری ہے ، میڈیا اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے صحت کے مختلف چیلنجز بارے آگاہی کی ضرورت ہے ،ریکٹر این ایس پی پی ڈاکٹر اعجاز منیر نے کورس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں