اومی کرون

اومی کرون ڈیلٹا سے زیادہ خطرناک نہیں،عالمی ادارہ صحت

نیویارک(گلف آن لائن)کورونا وائرس کا اومی کرون ویرینٹ، ڈیلٹا ویرینٹ سے زیادہ خطرناک نہیں، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اومی کرون سے متعلق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کا اہم بیان سامنے آ گیا۔ماہرین کا کہنا تھا کہ ابتدائی جائزے کے مطابق اومی کرون ڈیلٹا کے مقابلے میں شدید بیماری کا سبب نہیں، اومی کرون کے خلاف موجودہ ویکسین کے ناکام ہونے کا امکان نہیں۔ماہرین نے کہا کہ اومی کرون سے متعلق یہ انتہائی ابتدائی جائزہ ہے، اس لیے ہمیں بہت محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے سیکنڈ ان کمانڈ مائیکل رائن کا کہنا تھا کہ اس بات کا بہت کم امکان ہے کہ کورونا ویکسینز اومی کرون پر بالکل بھی اثر نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے تمام ویرینٹس کے خلاف سب سے موثر ہتھیار ویکسین لگوانا ہی ہے۔مائیکل رائن کا مزید کہنا تھا کہ اومی کرون اب تک درجنوں ممالک میں پھیل چکا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بات درست ہے کہ اومی کرون بہت تیزی سے پھیلتا ہے، تاہم کسی بھی نئے ویرینٹ کا اس طرح پھیلنا سرپرائز نہیں ہوتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں