لاہور چیمبر

لاہور چیمبر کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ واپسی کے نوٹیفیکیشن کا خیر مقدم

لاہور(گلف آن لائن)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں محکمہ ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول، حکومت پنجاب نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ واپس لینے کے سلسلے میں نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے نوٹیفیکیشن کے اجرا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے مفادات کو تحفظ ینے کے لیے لاہور چیمبر کی کوششیں رنگ لائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس میں بے تحاشا اضافہ واپس لینے کے لیے لاہور چیمبر کے مطالبے کو تسلیم کرنا تاجر برادری کے ساتھ حکومت کے دوستانہ رویے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات سمیت لاہور چیمبر نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کا معاملہ ہر فورم پر انتہائی موثر اندازمیں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا مطالبہ تسلیم اور تاجربرادری کو ریلیف فراہم کرنے پر پنجاب حکومت کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، پنجاب کے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد اور سیکرٹری ای اینڈ ٹی وقاص علی نے بھی پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ کی واپسی کے لیے قابل تعریف کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے فیصلے سے تاجر برادری کو آسانی میسر آئے گی جو روپے کی قدر میں، زیادہ پالیسی ریٹ اور مہنگائی کی وجہ سے بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا کررہی ہے جبکہ اس کے سٹاک مارکیٹ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ لاہور چیمبر کاروباری برادری کو درپیش مسائل اجاگر کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں