کراچی (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ دور میں گرین لائن منصوبہ کاغذی تھا، (ن )لیگ اور پیپلز پارٹی کتنے پانی میں ہے ،یہ کراچی والوں سے بہتر کون جانتا ہے،وفاق کے اور بھی منصوبے ہیں جن پر کام ہورہا ہے، ایک طرف ہم کہتے ہیں روزگار نہیں اور دوسری طرف ہمیں تربیت یافتہ لوگ نہیں ملتے۔
آرٹس کونسل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ صرف کہنے سے نہیں گرین لائن پر وفاق کے پیسے خرچ ہوئے ہیں، گرین لائن پروجیکٹ 35 ارب روپے خرچ کرنے سے وفاقی منصوبہ بنا ہے۔انہوں نے کہا کہ (ن )لیگ کے دور میں یہ منصوبہ کاغذی تھا، عملی شکل ہم نے دی ہے، گرین لائن منصوبہ ہمارے دور میں مکمل ہوا ہے۔
انہوںنے کہاکہ وفاق کے اور بھی منصوبے ہیں جن پر کام ہورہا ہے، ایک طرف ہم کہتے ہیں کہ روزگار نہیں اور دوسری طرف ہمیں تربیت یافتہ لوگ نہیں ملتے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اردو دنیا کی چند بڑی بولی جانے والی زبانوں میں سے ہے۔ ڈرامہ، فلم، شاعری کو بیان کرنے میں اردو بڑی معاون ثابت ہوتی ہے، ہم چاہتے ہیں ہمارے شاعر ابھر کر سامنے ائیں، نوجوانوں کو شدت پسندی سے بچانے کے لیے متبادل بیانیہ ضروری ہے۔