گورنر سندھ

وزیر اعظم پاکستان کو ملک کے نوجوانوں پر مکمل اعتماد ہے،گورنر سندھ

کراچی (گلف آن لائن)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ فارغ التحصیل طلباء اپنے فرائض سے سرشار رہیں اور اپنے وژن پر عمل کرتے ہوئے پوری ایمانداری سے دوسروں کی فلاح و بہبود کے بارے میں سوچیں کیونکہ وہ بھی اپنی زندگی اور کیریئر میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ آپ نے جو کچھ حاصل کیا اس پر فخر کریں، ان لوگوں کے شکر گزار رہیں جنہوں نے آپ کی کامیابی میں مدد کی اور ساتھ ہی ساتھ دوسروں کی مدد کرنا کبھی نہ بھولیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (IoBM) کورنگی کریک کیمپس کے 24ویں کانووکیشن کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کامیاب طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی تعلیم مکمل کر کے عملی زندگی کا آغاز کر رہے ہیں اس ضمن میں آپ پر یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے والدین کا سر فخر سے بلند اور ملک کا نام روشن کریں۔ گورنر سندھ نے گریجویٹس سے کہا کہ وہ اپنے ملک پر بھروسہ کریں کیونکہ ہم درست سمت میں جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کو ملک کے نوجوانوں پر مکمل اعتماد ہے اور وہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے آسان شرائط پر قرضے فراہم کر رہے ہیں۔

گورنر سندھ نے مذید کہا کہ کامیاب جوان پروگرام پاکستان کے نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہے کیونکہ اس پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرض لے کر آپ اپنا ذاتی کاروبار شروع کرسکتے ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گریجویشن کرنے والے طلباء میں ڈگریاں اور اعزازات بھی تقسیم کئیے۔ IoBM کے چانسلر بشیر جان محمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موافقت، رفتار اور لچک کامیابی کے لیے ضروری ہے، آپ کے والدین اور اساتذہ نے آپ کو اس قابل بنایا ہے کہ آپ آج جو ہیں آپ ان کا بدلہ نہیں دے سکتے۔ IoBM کے صدر طالب سید کریم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چار اہم چیزوں پر روشنی ڈالی: مقصد کا احساس، زندگی کی سچائی کو قبول کرنا، مثبت رہنا اور ہر ایک کے ساتھ مہربانی اور ہمدردی کا مظاہرہ کرنا۔

انہوں نے کہا کہ میں قابل فخر والدین کی آنکھوں میں چمک دیکھ رہا ہوں کیونکہ ان کے بچے اب حقیقی دنیا میں قدم رکھیں گے۔انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (IoBM) کے 24ویں کانووکیشن میں 1200 سے زائد طلبہ و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔ جن میں 16 گولڈ میڈلسٹ بھی شامل تھے، 37 گریجویٹس نے میرٹ سرٹیفکیٹ حاصل کیے جبکہ نو طا لب علموں نے بزنس مینجمنٹ اور اس سے منسلک شعبوں میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں